امریکی ریاست میری لینڈ میں منڈی بہاؤالدین اوورسیز فورم کے واشنگٹن چیپٹر کا افتتاح ،تنظیم معاشرتی برائیاں ختم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی، صدر شاہد رانجھا منڈی بہاوالدین کے لوگ بڑی تعداد میں زرمبادلہ بھیج کر پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
سرپرست اعلی ساجد تارڑبالٹی مور: امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں منڈی بہاولدین اوورسیز فورم کے واشنگٹن دفتر کی افتتاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تیس ممالک میں موجود تنظیم کے عہدیداروں نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔ اس موقع پر عہدیداروں نے تنظیم پر اپنے مکمل اعتماد اور کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شاہد رانجھا نے کہا کہ تنظیم کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ پاکستان میں انکی جائیداد پر غیر قانونی قبضہ جیسے گھناونے اقدامات کی روک تھام کی جاسکے۔ انھوں نے بتایا کہ اس ضمن میں منڈی بہاوالدین کی مقامی انتظامیہ سمیت ڈی پی او اور ڈی سی او نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شاہد رانجھا نے کہا کہ یہ تنظیم نہ خود کوئی غلط کام کرے گی اور نہ کسی بھی غلط کام کی حمایت کرے گی۔ شاہد رانجھا نے بتایا کہ اس تنظیم کے زیر انتظام منڈی بہاوالدین میں ایک روزگار سکیم متعارف کرائی جارہی ہے۔ جس کے تحت کسانوں میں سستے نرخوں پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ رکشہ کی صنعت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ معاشرتی برائیاں ختم کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تنظیم کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں اور نہ ہی کسی کو سیاست کے لیے استعمال ہونے دیا جائے گا۔
تنظیم کے سرپرست اعلی ساجد تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی زرمبادلہ بھیج کر پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تنظیم کے واشنگٹن آفس کا افتتاح انکے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔ انھوں نے منڈی بہاوالدین میں پہلے سے موجود صاف پانی کی سکیم کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اس سے قبل تنظیم کے جنرل سیکرٹری خرم شہزاد رانجھا نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ تنظیم نے اب تک اوورسیز عہدیداران کے بہت سے مسائل حل کئے ہیں جن کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔