بروز اتوار20ستمبر2020کو امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مقامی تنظیم پی پی پی واشنگٹن ڈی سی امریکہ نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کے تقریباً 13سال بعد پہلی مرتبہ اوپن پبلک فنگشن کا انعقاد کیا، جس میں تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پی پی واشنگٹن ڈی سی امریکہ کی ایگزیکٹو پارٹی نے بھرپور شرکت کی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بتیسویں سالگرہ بھرپور جوش وجذبہ سے منائی گئی. چیئرمین PPPبلاول بھٹو زرداری صاحب کی سالگرہ کے لیے سینئر نائب صدر طارق گیلانی نے خصوصی کیک تیار کروایا، جس پر سب کی فوٹو ڈیجیٹل پرنٹ تھی. واشنگٹن ڈی سی کے قدیمی ریسٹورنٹ اور پاکستانی کھانوں کے حوالے سے مشہور راوی ریسٹورنٹ کے ہال کو پی پی واشنگٹن ڈی سی امریکہ کے صدر ملک محمد علی اعوان نے دعوت کے لیے بک کیا اور ریسٹورنٹ کے منیجر سلمان نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
پی پی امریکہ کے چیف آرگنائزر فقیر حسین نقوی نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی اور تمام نئے عہدیداروں کو ویلکم کیا. محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھی سینیٹر خواجہ اکبر صاحب نے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے قائدین کے لیے دعائے مغفرت کا کہا اور حوالہ دیا۔ میر مرتضیٰ بھٹو شہید کی شہادت کا دن بھی تھا۔ جس کی وجہ سے کیک کٹنگ کی تقریب 3بجے کے بعدرکھی گئی، قائدین کے لیے دعا پی پی واشنگٹن ڈی سی امریکہ کے جنرل سیکرٹری جواد شیرازی نے کروائی، سینیٹر خواجہ اکبر نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے اس اجلاس کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور عمران خان حکومت کی کمزوریوں کو ہائی لائٹ کیا. جب کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پی پی پی امریکہ کے مرکزی صدر خالد اعوان نے پی پی پی واشنگٹن ڈی سی کی تمام تنظیم کو کامیاب فنکشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا مجھے بڑی خوشی ہے کہ آپ سب نے اتنے طویل عرصے کے بعد دارالحکومت واشنگٹن DC میں شہید قائدین کا پرچم عوام الناس میں بلندکیا۔ آپ کی اس کاوش پر میں آپ کو مبارکباد دیتا ہواور آپ لوگ اسی طرح سے کام کرتے رہے تو پاکستان پیپلزپارٹی ایک بڑی طاقت کے طور پر سامنے آئے گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی واشنگٹن DC امریکہ کے صدر ملک محمد علی اعوان نے تمام دوستوں اور احباب کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے حوالے سے پارٹی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ PPP شہیدوں کی پارٹی ہے اور اپنا ایک خاص اور علیحدہ منشور رکھتی ہے، جو بغیر کسی تعصب کے ہر انسان کو اہمیت دیتا ہے اور مزدوروں کی خوشحالی کا بھی نصب العین ہے۔ ملتان صوبہ پنجاب کی قدیمی خانقاہ اور مشہور دربار موسی پاک شہید کے سجاده نشین اور سینئر نائب صدر PPPواشنگٹن DCامریکہ طارق گیلانی نے اس حوالے سے پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور پاکستان پیپلزپارٹی سے اپنے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے بھرپور ہمدردی اور جذبے کا اظہار کیا۔ طارق گیلانی نے کہا جیسے ہم سب مل کر محنت کررہے ہیں انشاء اللہ واشنگٹن DCپاکستان پیپلزپارٹی کا مضبوط قلعہ بنے گا اور پاکستان پیپلزپارٹی کی مضبوطی سے وفاق پاکستان مضبوط ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی واشنگٹن DCامریکہ کے نائب صدر عمران سومرو جن کا تعلق سابق صدر آصف علی زرداری کے آبائی شہر نواب شاہ صوبہ سندھ سے ہے وہ اپنے مخصوص سندھی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی میں تقریب کی زینت بنے۔ سومرو بہت مہمان نواز اور شفیق انسان ہیں تمام PPPکے ممبران کو پرتکلف کھانے کی دعوت دی اور سومرو نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ اپنے تعلق کا ذکر فرمایا کے میرے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ محترمہ کے لیے میں نے ویب ڈویلپمنٹ اور انٹرنیٹ پر کام کیا۔ وہ ایک بہترین لیڈر تھیں۔
چیئرمین پاکستان ہندو فائونڈیشن راج راٹھوڑ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان مملکت کا ایک ماڈرن چہرا ہے جس میں عام شہری بغیر کسی نسل، مذہب، رنگ اور زبان سے اپنے دل کی بات کہہ بھی سکتے ہیں اور سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے سکتے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی قلعہ لیاری کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان قیادت عمیر عزیز جو PPPواشنگٹن DCامریکہ میں سیکرٹری امور نوجوان کے عہدے پر فائز ہیں انھوں نے بلاول بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بہت بڑی سیاسی قوت ہے۔ لیاری صدیوں سے PPPکا گڑھ رہا ہے ۔ ہم بلاول بھٹو کے الیکشن میں اپنے گھر سے الیکشن کمپین لیڈ کریں گے اور ریکارڈ رزلٹ دیں گے۔
ملتان ضلع سے تعلق رکھنے والے جناب خاقوانی نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا۔ پریس میڈیا ایڈوائزر اجواد نقوی نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت سے اپنے عزم کا اظہار کیا اور صحافت کے جذبے سے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو زیر استعمال لانے کا احد کیا۔